منگلورو 11؍جنوری (ایس او نیوز) کچھ دنوں پہلے قتل کیے گئے امیش شیٹی(۲۹ سال) کا معاملہ منگلورو پولیس نے حل کرتے ہوئے اس قتل میں ملوث چار ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کمشنر چندراشیکھر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پرساد اچاریہ(۲۷ سال)،راجیش شیٹی (۳۲ سال)،تلک پجاری (۲۶ سال)اور پرکاش (۲۸ سال ) کو امیش شیٹی قتل معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔کہتے ہیں کہ امیش شیٹی جو کہ ٹرانسپورٹ بزنس کے علاوہ سوکھے ہوئے ناریل فروخت کیا کرتا تھا، اچانک لاپتہ ہوگیا تھااس سلسلے میں 28دسمبر کو پولیس میں شکایت درج کی گئی تھی۔ یکم جنوری کو اس کی لاش ایک چرچ کے قریب نالے میں پائی گئی تھی۔جس کے بارے میں موڈبدری پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا تھا۔
پولیس کے بیان کے مطابق پرساد اچاریہ نے امیش سے 30لاکھ روپے قرض لیے تھے جسے لوٹانے میں وہ ناکام تھا۔ پھر لال پتھروں کی تجارت میں امیش کی دلچسپی دیکھ کر پرساد اسے پتھر نکالنے لائق پہاڑی دکھانے کے بہانے لے گیا اور پھر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر امیش کا قتل کرکے لاش کو ویرانے میں پھینک دیا ۔ اس طرح رقم لوٹانے کے بجائے امیش سے چھٹکارہ پانے کا راستہ نکالا گیا۔
پولیس ابھی پرساد کے پاس سے امیش سے حاصل کی گئی قرض کی رقم دستیاب کرنہیں پائی ہے۔